اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، انھوں نے پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کو تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، براہ راست مذاکرات سے سفارتی حل نکالیں۔
جین میریٹ نے کہا پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کی پریشانی فطری ہے، صورت حال غیر متوقع ہے، برطانوی شہری ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ برطانوی شہری ٹریول ایڈوائس اور سوشل میڈیا سے اپ ڈیٹس لیتے رہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے، پاک فوج کے آپریشن بُنیان مرصوص نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا، پاکستان کے حملے میں آدم پور ایئر فیلڈ، سرسہ ایئر فیلڈ، بھٹنڈہ ایئر فیلڈ، سورت گڑھ ایئر فیلڈ، پٹھان کوٹ ایئر فیلڈ، مامون، ہلوارا، جموں، برنالہ اور ادھم پور ایئر بیسز تباہ ہو گئے ہیں۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ کو بتا دیا گیا ہے کہ گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اگر بھارت نے جوابی حملہ کیا تو پاکستان نہیں رکے گا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، جب کہ مارکو روبیو نے بھارت سے تعمیری مذاکرات میں امریکی مدد کی بھی پیش کش کر دی ہے۔