ہفتہ, اپریل 19, 2025
اشتہار

ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری کو ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری کو ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب کرلیا، ضمیر چوہدری چند دنوں بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری کو دار الامرا (ہاؤس آف لارڈ) کا رکن منتخب کرلیا، ضمیر چوہدری کا نام سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامےکی جانب مستعفی ہوتے وقت تجویز کیا گیا تھا، جس کی منظوری ملکہ برطانیہ نے دی۔

پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین ضمیر چوہدری بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) ہیں اور موسٹ ایکسلینٹ آرڈر آف دا برٹس امپائر‘ اعزاز حاصل کرنے والے مشہور پاکستانی نژاد برطانوی تاجر اور چیئرمین بیسٹ وے گروپ سر انور پرویز کے قریبی عزیز ہیں۔

خیال رہے کہ سر انور پرویز کا شمار برطانیہ میں مقیم ایشیائی کمیونٹی کے امیرترین اور بااثر افراد میں ہوتا ہے، ضمیر چوہدری 1958 میں راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں پیدا ہوئے اور 12 سال کی عمر میں برطانیہ والد کے پاس گئے، جہاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

ضمیر چوہدری نے کہا ہے ہاؤس آف لارڈ کا رکن منتخب ہونا ان کیلئے انتہائی اعزاز کی بات ہے اور وہ انتہائی مشکور ہیں، برطانیہ کو انہوں نے ہمیشہ مواقعوں کی سرزمین سمجھا ہے اور وہ اس ملک کی ترقی میں مزید اپنا حصہ ملائیں گے۔

بیسٹ وے گروپ ضمیر چوہدری کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا برطانیہ کا ایک بڑا گروپ بنا اور انہی خدمات کے باعث انہیں 2018 میں صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا۔

ضمیر چوہدری چند دنوں بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں