لندن : برطانوی عوام کی اکثریت نے غزہ جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیل کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق تنظیم انٹرنیشنل سینٹرآف جسٹس کی جانب سے کیے گئے حالیہ سروے میں برطانوی عوام کی اکثریت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگی اقدامات نسل کشی کے مترادف ہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں55فیصد افراد اسرائیل کے غزہ حملوں کے شدید مخالف ہیں، ان مخالفین میں سے 82 فیصد نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں، لیبر پارٹی ووٹرز میں مخالفت کی شرح 68 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سروے کے دوران کیے گئے سوالات کے جواب میں 78 فیصد لیبر ووٹرز نے وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس حوالے سے تنظیم انٹرنیشنل سینٹر آف جسٹس کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ سروے رپورٹ کے تنائج کے مطابق برطانوی حکومت کی پالیسیوں اور عوام کی رائے میں واضح تضاد پایا گیا عوام اپنی حکومت کے مخالف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ 20 ماہ کے دوران ہزاروں برطانوی شہریوں نے غزہ پر نہتے شہریوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے خلاف سڑکوں پر بھرپور احتجاج کیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی حکومت نے حالیہ ہفتوں میں اسرائیل پر تنقیدی مؤقف اختیار کیا ہے اور اعلیٰ اسرائیلی حکام پر پابندیاں بھی لگائی ہیں۔