لندن: گزشتہ روزلندن میٹرو میں ہوئے دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے مستقبل میں مزید حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ داعش نے لندن ٹرین حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میٹرو ٹرین دھماکے کے ذمہ داروں کی تلاش جاری ہے ، ملک بھرمیں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے اور اہم مقامات پر فوجی اہلکار تعینات ہیں جبکہ لندن میں پبلک مقامات پرپولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
داعش نے لندن ٹرین حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے مستقبل میں مزیدحملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ٹریزا مے اوراسکاٹ لینڈ یارڈ نے دھماکے کے بعد ٹرمپ کے بیان کوتنقید کا نشانہ بنایا، جس کے بعد ٹرمپ نے متنازعہ ٹوئٹ واپس لے لیا، ٹرمپ نے اپنے ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ ٹرین دھماکاکرنےوالااسکاٹ لینڈیارڈکی نظروں میں تھا۔
برطانوی وزیر اعظم ٹریزامے نے ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدرلندن ٹرین حملے سے متعلق قیاس آرائی نہ کریں،امریکی صدرکی قیاس آرائی دھماکےکی تحقیقات میں مددگارنہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: لندن کی زیر زمین ٹرین میں دھماکہ، متعدد زخمی
یاد رہے کہ گذشتہ روز لندن میں زیر زمین چلنے والی ٹرین میں دھماکے سے بیس افراد زخمی ہوگئے تھے، سیکیورٹی اداروں کے مطابق دیسی ساختہ بم ایک بالٹی میں رکھا گیا تھا، دیسی ساختہ بم صحیح طریقے سے پھٹتا تو بڑے پیمانے پر تباہی ہو سکتی تھی، دھماکے کے بعد برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے واقعہ کے بعدکوبرا کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران لندن میں دہشتگردی کا یہ پانچواں واقعہ تھا۔