12.9 C
Dublin
پیر, مئی 13, 2024
اشتہار

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی لاہور آمد پر پرتپاک استقبال

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن لاہور پہنچ گئے ،شاہی جوڑے کا استقبال گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن لاہور کے دورے پر پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چوہدری سرور نے شاہی جوڑے کا لاہورائیرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا، بچیوں نے شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن کو گلدستے پیش کئے۔

کیٹ مڈلٹن پاکستانی ڈیزائنر کی تیار کردہ سفید شلوار قمیض میں بے حد حسین نظرآئی ، ںشاہی جوڑا لاہورمیں مختلف مقامات ایس اوایس ولیج ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اوربادشاہی مسجد کا دورہ کرے گا۔

- Advertisement -

شاہی جوڑے کی لاہورآمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ائیرپورٹ سے گورنر ہاؤس سمیت بادشاہی مسجد، ایس اوایس ویلیج، نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور شوکت خانم اسپتال تک چھ ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دورے پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی ،چیف ایگزیکٹو شاہی جوڑے کا استقبال کریں گے جبکہ شہزاہ ولیم ، شہزادی کیٹ مڈلٹن برٹش ہائی کمیشن کا دوستی پروگرام کرکٹ میچ دیکھیں گے۔

شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن کرکٹ تقریب میں انعامات تقسیم کریں گے ، سابق کپتان وقاریونس ، اظہر علی ، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی تقریب میں شامل ہوں گے ، شاہی جوڑہ کرکٹرز کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کرے گا جبکہ عروج ممتازاورثنامیر ویمن کرکٹرز کی نمائندگی کریں گی۔

دوسری جانب لاہور میں برطانوی شاہی جوڑے کی آمدپر سیکیورٹی اور ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے ، پولیس زرائع کے مطابق شاہی جوڑے کو لاہور میں صدارتی پروٹوکول دیا جائے گا، سیکیورٹی پر پولیس کے 7 ہزار جوان اور ٹریفک پولیس کے چھ سو وارڈنز روٹ پر تعینات ہیں۔

شاہی جوڑے کی اپنی سیکیورٹی ان کے ساتھ چلے گی، ایلیٹ فورس شاہی قافلے کے اسکواڈ کا حصہ ہو گی جبکہ تاریخی مقامات شاہی جوڑے کی آمد سے قبل عام عوام کے لیے بند ہوں گے۔ شاہی جوڑے کے تمام روٹ پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے ، وزٹ والے مقامات کو اسپیشل برانچ کلئیر کروائے گی ۔سراغ رساں کتوں کی مدد سے دورے کے مقامات کو کلئیر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معزز مہمانوں کو پاکستان کے دل لاہور آنے پرخوش آمدید کہتےہیں اور شہزادہ اورشہزادی کادل کی گہرائیوں سےخیرمقدم کرتےہیں، پاکستانی عوام کےدلوں میں برطانوی شاہی خاندان کیلئےبہت احترام ہے۔

مزید پڑھیں : شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال پہنچ گئے

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈیانا کے دورے کی یادیں آج بھی پاکستانیوں کےذہنوں پرنقش ہیں، شہزادہ،شہزادی کادورہ دونوں ملکوں کےتعلقات میں فروغ کیلئےمعاون ہوگا، دورےسےدونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

گذشتہ روز برطانوی شہزادہ ولیم اورکیٹ کا چترال میں شاہی استقبال کیا گیا ، شاہی مہمانوں کو روایتی چغہ، چترالی ٹوپی شال،اورشہزادی ڈیانا کے انیس سو اکیانوے کے دورے کا یادگاری البم بھی پیش کیا گیا۔

پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بروغل نیشل پارک اور بمبوریت کا بھی دورہ کیا۔

اس سے قبل منگل کی رات شاہی جوڑے کے اعزارمیں اسلام آبادمونومنٹ پر عشائیےکا اہتمام کیاگیا تھا۔ ولیم اورکیٹ نے رکشےمیں انٹری دی، شہزادے نے شیروانی اور شہزادی نے میکسی پہن رکھی تھی۔ شہزادہ شہزادی نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں