کراچی : برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کا وفد تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گیا، برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے وفد کے دورے کا مقصد کراچی سے براہ راست برطانیہ جانے والی پروازوں کی سیکیورٹی کو جانچنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی سیکیورٹی ڈی ایف ٹی نے کراچی ایئرپورٹ کا دورہ کیا، برطانوی سیکیورٹی ڈی ایف ٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر سی اے اے حکام نے برطانوی وفد کو ایئرپورٹ سے متعلق بریفنگ بھی دی، برطانوی وفد نے مسافروں کے سامان، اسکریننگ اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ پڑتال کی۔
برطانوی وفد کو اے ایس ایف حکام نے مسافروں کے سامان اور ان کی اسکریننگ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا،اس کے علاوہ برطانوی سیکیورٹی وفد نے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے حوالے سے نصب آلات کا جائزہ بھی لیا۔
بعد ازاں اے ایس ایف نے برطانوی سیکیورٹی وفد کو ایئرپورٹ پر فل باڈی اسکینر مشین کے بارے میں بھی بریفنگ دی، اے ایس ایف نے وفد کو بتایا کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی فل باڈی اسکریننگ بھی کی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی سیکیورٹی ٹیم کے دورے کا مقصد مستقبل میں برٹش ایئرویز کی کراچی سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے بھی جانچ کرنا ہے۔