ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلی بڑی پیشرفت ہے، متعدد ممالک نے پاکستان میں امن وامان کی صورت حال پر اظہار اطمینان کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری سے دنیا میں پاکستان کا امیج اچھا ہوگا، بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا تھا، پاکستان کا امیج بہتر ہونے سے شعبہ سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم عمران خان کا دورہ ڈاووس انتہائی کامیاب رہا، امریکی کانگریس نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش کیا، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جو بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
برطانیہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کردی
وزیرخارجہ نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں 10سال میں جو کام نہ کرسکیں وہ ہم نے 10ماہ میں کر دکھایا، پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہورہا ہے، میرٹ پر کیس دیکھا گیا تو پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا، تحریک انصاف میں فارڈوبلاک کے حوالے سے خبریں بےبنیاد ہیں۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سیاست میں تنقید ہوتی ہے، برداشت کرنے کا حوصلہ ہے، مفادپرست مافیا اداروں میں بہتری کے حق میں نہیں، امید ہے دیگر ممالک بھی بہت جلد پاکستان سے متعلق ٹریول ایڈوائزری جاری کریں گے۔