لاہور میں ڈاکو پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سے لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے خاتون سے پرس، سونے کی چھین لی اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون جیسے ہی گاڑی سے اتریں، موٹر سائیکل سوار ڈاکو پہنچ گئے۔
ڈاکوؤں نے خاتون سے پرس چھینا اور سونے کی چین چھینتے ہوئے ان پر تشدد بھی کیا اور لوٹ مار کے بعد اطمینان سے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
واردات ایک گھنٹے بعد بھی پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی تھی۔
پولیس نے بعدازاں پہنچ کر خاتون کا بیان ریکارڈ کرنا چاہا لیکن اہلخانہ کا کہنا ہے کہ خاتون جب بیان دینے کے قابل ہوں گی تو درخواست دے دی جائے گی۔