لاس اینجلس: امریکا کی معروف گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے انسٹا گرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر کے اپنے لاکھوں مداحوں کو تذبذب کا شکار کر ڈالا۔
40 سالہ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے انسٹا گرام پر 40 ملین سے زائد فالورز ہیں۔ انہوں نے دماغ صحت سے متعلق متعدد پوسٹیں کرنے کے بعد اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔
انسٹا گرام پر برٹنی اسپیئرز نے اپنی تازہ پوسٹ میں لوگوں کی جانب سے دوسرے کو خوفزدہ کرنے کی طاقت کے بارے میں گفتگو کی۔
گلوکارہ نے کہا کہ محبت کرنے والے لوگ مجھے کہیں نہیں ملے اور میں ایک بھر پور زندگی گزارنے کے لیے اپنا نقطہ نظر درست کر رہی ہوں۔
ماضی پر بات کرتے ہوئے برٹنی اسپیئرز نے کہا کہ جب میں ویگاس جاتی تھی تو وہ ہر رات 40 لوگوں کے ساتھ کئی گھنٹے طویل ملاقاتیں کرتی تھی، وہ میری بدترین تصاویر لیتے تھے اور مجھے دو گھنٹے کا شو کرنا پڑتا تھا۔
خیال رہے کہ برٹنی اسپیئرز نے حال ہی میں باپ کے خلاف قانونی جنگ جیتی ہے۔ امریکی عدالت نے برٹنی اسپیئرز کی درخواست پر ان کے والد جیمز اسپیئرز کو 13 برس سے گلوکارہ کی زندگی اور رقم پر حاصل ”سرپرستی“ کو معطل کر دیا تھا۔
3 گھنٹے تک جاری رہنے والی سماعت میں اعلیٰ عدالت کی جج نے جیمز اسپیئرز کو برٹنی کی 6 کروڑ ڈالر کی جائیداد کی نگرانی سے ہٹانے کا فیصلہ سنایا جب کہ مکمل سرپرستی ختم کرنے سے متعلق نومبر کی تاریخ طے کر دی تھی۔