کرکٹ کے نگراں عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انگلینڈ کے فاسٹ بولر پر جرمانہ عائد کردیا۔
مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آئی سی سی کے لیول ون کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پیسر اسٹورٹ براڈ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کو کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔
یہ واقعہ میچ کی دوسری اننگز کے 46 ویں اوور میں پیش آیا جس میں یاسر شاہ کو آؤٹ کرنے کے بعد بولر نے غیر شائستہ زبان استعمال کی تھی۔
یہ آرٹیکل کھلاڑیوں اور معاونت کاروں سے متعلق ہے جس میں بدزبانی، ایکشن اور نازیبا اشارے شامل ہیں جو کہ انٹرنیشنل میچ میں کھلاڑیوں کو جارحانہ ردعمل پر اکسانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ براڈ کے انضباطی ریکارڈ میں ایک ڈیمریٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ گزشتہ 24 ماہ کی مدت میں یہ تیسرا جرم تھا ، جس کی وجہ سے مجموعی ڈیمریٹ پوائنٹس تین ہوگئے ہیں۔
اسٹورٹ براڈ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے عائد کردہ جرمانے کو قبول کیا ہے جس کے بعد باضابطہ کوئی سماعت کی ضرورت نہیں رہی۔