منگل, جنوری 7, 2025
اشتہار

سندھ میں کروڑوں روپے کے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے منصوبے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صوبہ سندھ کے 5 اضلاع کے لیے 69 کروڑ 80 لاکھ روپے کے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز منصوبے جلد شروع کردیے جائیں گے، منصوبوں سے 6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پسماندہ آبادی کو موبائل سروس اور براڈ بینڈ سروسز میسر آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے 5 اضلاع کے لیے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر معاہدے کی تقریب ہوئی، تقریب میں وفاقی وزرا امین الحق اور اسد عمر نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ منصوبوں پر مجموعی لاگت 69 کروڑ 80 لاکھ 51 ہزار 300 روپے آئے گی، پہلا منصوبہ کشمور، شہداد کوٹ اور لاڑکانہ کے 359 دیہات کے لیے ہے جس کی مالیت 24 کروڑ 64 لاکھ روپے ہے۔

- Advertisement -

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ نوشہرو فیروز اور بے نظیر آباد کے 438 دیہات میں 45 کروڑ 16 لاکھ کا دوسرا منصوبہ ہے۔ دونوں منصوبوں سے 6 لاکھ 61 ہزار سے زائد پسماندہ آبادی کو موبائل سروس اور براڈ بینڈ سروسز میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے منصوبے 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 پراجیکٹس شروع کیے گئے، صوبے کے 7 اضلاع میں 1905 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے شروع کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فائبر آپٹیکل کے منصوبوں پر 5 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آرہی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے ان اضلاع کی 1 کروڑ 75 لاکھ سے زائد آبادی تیز ترین انٹرنیٹ سے منسلک ہوجائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں