ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

سرمایہ کاری کا جھانسا دے کر دو بھائی اربوں ڈالر مالیت کے بٹ کوائن لے اڑے

اشتہار

حیرت انگیز

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا میں دو بھائی سرمایہ کاری کا جھانسا دے کر اربوں ڈالر مالیت کے بٹ کوائن لے کر غائب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دو جنوبی افریقی بھائی مبینہ طور پر 3 ارب 60 کروڑ ڈالر مالیت کے بٹ کوائن لے کر بھاگ گئے ہیں، بٹ کوائن ان کے کرپٹو کرنسی انویسٹمنٹ پلیٹ فارم پر رکھوائے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرین نے ایک قانونی فرم سے مدد مانگ لی ہے، متاثرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کمپنی ایفریکرپٹ کے مالکان امیر کاجی اور رئیس کاجی بٹ کوائنز لے کر کہیں غائب ہو چکے ہیں۔

- Advertisement -

قانونی فرم نے دنیا بھر میں کرپٹو ایکسچینجز کو خبردار کر دیا ہے کہ ان کے پلیٹ فارمز پر کوئی ڈیجیٹل کرنسی فروخت کرنے آ سکتا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ دونوں بھائی 69 ہزار بٹ کوائنز لے کر برطانیہ بھاگ گئے ہیں، سافٹ ویئر کمپنی بلومبرگ کے مطابق اس مسئلے کے آثار اپریل سے نظر آنا شروع ہو گئے تھے، جب ایفریکرپٹ نے کلائنٹس کو نقصان سے متعلق خبردار کیا، حالاں کہ اس وقت بٹ کوائن بلندی پر جا رہا تھا۔

ایفریکرپٹ نے کلائنٹس سے یہ بھی کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے حکام کو خبردار نہ کریں، اس سے نقصان کی بحالی کا سلسلہ سست ہونے کا خطرہ ہے۔ بلومبرگ کے مطابق قانونی کارروائی سے روکنے کا اعلان ہی معاملہ مشکوک ہونے کی نشانی تھی، دراصل ایفریکرپٹ کے کلائنٹس مبینہ نقصان کی خبر آنے سے 7 دن قبل اپنے اپنے پلیٹ فارمز تک رسائی کھو چکے تھے۔

رپورٹ کے مطابق کیپ ٹاؤن کی قانونی فرم بھی بھاگے ہوئے بھائیوں کو تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے، اور جنوبی افریقی پولیس کے خصوصی یونٹ ہاکس کو رپورٹ درج کرا دی گئی ہے، جو منظم جرائم کی تفتیش کرتی ہے۔

واضح رہے کہ دو برسوں میں یہ جنوبی افریقی کرپٹو کرنسی سرمایہ کاروں کو پہنچنے والا دوسرا بڑا نقصان ہے، اس سے قبل ایک ٹریڈنگ پلیٹ فارم کے سی ای او جوہان اسٹینبرگ 23 ہزار بٹ کوائنز لے غائب ہو گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں