پشاور: بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) میں سفر کے لیے اہم شرط عائد کر دی گئی، آج سے ان بسوں میں سفر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ٹرانس کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی میں سفر کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
آج سے کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر ہی بی آر ٹی میں سفر کیا جا سکے گا، ترجمان ٹرانس کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکٹ نہ ہونے پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومتی احکامات پر بی آر ٹی میں 20 ستمبر تک ویکسینیشن کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو آج ختم ہو گئی ہے، فیصلے کے مطابق کرونا ویکسینیشن کی ایک ڈوز والے مسافر بی آر ٹی میں سفر کر سکیں گے۔
پشاور: بی آر ٹی کی کامیابی کے بعد پرانی بسوں کو اسکریپ کرنے کا کام تیزی سے جاری
واضح رہے کہ خیبر پختون خواہ کے دارالحکومت میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبہ شروع ہونے کے بعد پرانی ویگنوں اور ڈبلیو گیارہ بسوں میں عوامی سواری کا رجحان تقریباً ختم ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بی آر ٹی پشاور کا ڈبلیو گیارہ بسیں اور پرانی فورڈ ویگنوں کو کباڑ (اسکریپ) کرنے کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ٹرانس پشاور کے ترجمان محمد عمیر خان کے مطابق بی آر ٹی جیسے جدید سفری سہولت کے بعد صوبائی دارالحکومت پشاور میں چلنے والی پرانی دھواں چھوڑنے والی بوسیدہ ڈبلیو گیارہ ٹائپ منی بسوں اور ویگنوں کو مرحلہ وار اسکریپ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب تک 226 پرانی بسوں اور ویگنوں کو اسکریپ کیا جا چکا ہے۔