کراچی : جی ڈی اے رہنما سردارعبدالرحیم نے بجٹ کو آئی ایم ایف اور عوام دشمن قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام اور زراعت دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا۔
جی ڈی اے رہنما کا کہنا تھا کہ بالواسطہ ٹیکس میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھےگی، صنعتوں کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے سے صنعتیں بند ہوجائیں گی۔
سردار رحیم نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں مزید ٹیکس بڑھانے سے کوئی گھر نہیں بنا سکتا، سیمنٹ اور سریے کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی تھیں۔
انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وفاقی بجٹ میں ڈیرہ اسماعیل خان اور لاڑکانہ کیلئے علیحدہ رقم مختص کی گئی ہے، کیا باقی تمام اضلاع اور شہر ملک کا حصہ نہیں ہیں؟
جی ڈی اے رہنما نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، کراچی کو موجودہ بجٹ میں نظر انداز کردیا گیا۔
سردار رحیم نے مزید کہا کہ ملک کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالنے کے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا گیا، ادویات کی قیمتیں بڑھا کرغریب عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا ہے۔