اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم بڑھانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر شفقت محمود اور ڈاکٹر عطا الرحمان شریک ہوئے، اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کو درکار وسائل پر بریفنگ دی گئی، اور اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل بڑھانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا اعلیٰ تعلیم کا فروغ ہی ملک کی ترقی کا زینہ ثابت ہوگا، آئندہ بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص رقم کو بڑھانے کا مصمم ارادہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ترقی یافتہ ممالک اپنی جی ڈی پی کا کثیر حصہ تعلیم پر خرچ کرتے ہیں، اس لیے اس سلسلے میں متعلقہ وزارتیں صوبوں سے مشاورت کریں۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور وزارت تعلیم کو صوبوں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے وسائل بڑھانے کی نشان دہی کر کے انھیں جلد رپورٹ پیش کی جائے۔