کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں تین منزلہ رہائشی عمارت ایک طرف جھک گئی جس کے بعد مکینوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم پہنچ رہی ہے۔ عمارت میں ایک کمپنی کا اسٹور اور شوروم بھی ہے جس کا سامان بھی نکالا جا رہا ہے۔
عمارت ایک طرف جھکنے کی کیا وجوہات ہیں اس کے لیے انجینئیرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز نے تین روز قبل خبر دی تھی کہ شاہ فیصل کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ بلڈنگ مافیا نے 60 گز کی جگہ پر چار فلور تعمیر کر دیے ہیں۔
شاہ فیصل بلاک فائیو میں بلڈنگ مافیا نے پانچواں فلور پر بھی تعمیر کرنا شروع کر دیا۔ تعمیرات کے دوران بلڈنگ نے اپنی جگہ چھوڑ دی۔ فرسٹ فلور پر بلڈنگ کا حصہ جگہ سے سرکنے لگا۔
علاقہ مکین کا کہنا تھا کہ کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، حکام کارروائی کریں۔