تازہ ترین

پاک ایران تجارتی معاہدے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

واشنگٹن : نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا...

کے4 منصوبے سے بھی ترستے کراچی کو پانی نہیں مل سکے گا

پانی کو ترستے کراچی کے شہریوں کو کے4 منصوبے...

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد، مزار قائد پر حاضری

کراچی: پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر موجود...

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد...

مذہبی رجعت پسندی اور منافقت سے بیزار بلھے شاہ

پنجابی کلچر میں اصل ناموں سے عرفیت بنانا ایک عام سی بات ہے۔ بلھے شاہ نے یہ نام اپنے لیے خود تجویز کیا تھا یا ان کے جاننے والوں نے یہ نام رکھا تھا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

اگر حضرت بلھّے شاہ نے اپنی شاعری میں اسے ایک تخلص کے طور پر استعمال کیا، اس کی ایک اور صوفیانہ تاویل کی جاسکتی ہے۔ بُھلا سے مراد بھولا ہوا بھی ہے، یعنی وہ اپنی ذات کو بھول چکا ہے۔ بلھے شاہ کا نِک نیم اتنا مشہور ہوا کہ لوگ ان کے اصل نام سید عبداللہ شاہ کو بھول گئے ہیں۔

سترھویں اور اٹھارویں صدی عیسوی میں مغلیہ دور میں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں چند ایسی شخصیات نے جنم لیا جنھیں ایک باکرامت درویش، مفکر اور صوفی کی حیثیت سے شہرت حاصل ہوئی اور مقامی زبان میں‌ ان کی شاعری اور داستانیں‌ بھی ان کی وجہِ‌ شہرت ہیں۔ بلھے شاہ انہی میں سے ایک تھے۔ وہ اس دور کے ہم عصر مفکر شاعروں میں سے ایک تھے جن کی آواز شمالی ہندوستان کے ہر کونے میں اور ہر لہجے میں گونجی۔ ان کی کافیاں اور دوہڑے پنجاب ہی میں نہیں سندھ، راجستھان اور ہندوستان کے دوسرے علاقوں میں بھی عوام کے دل کی آواز بنے۔

بابا بلھے شاہ کی زندگی اور ان کی شخصیت کے بارے میں بہت کم معلومات کو مصدقہ کہا جاسکتا ہے اور بیش تَر تذکرے روایات پر مبنی ہیں جن سے ان کا ایک خاکہ بنایا جاسکتا ہے اور ان کے بارے میں‌ ایک تاثر قائم جاسکتا ہے۔ پرانے تذکروں میں خزینۃُ الاصفیا، نافع السّالکین میں حضرت بلھے شاہ کے بارے میں چند ایک معلومات ملتی ہیں لیکن ان میں بھی تضاد ہے۔

کچھ کا خیال ہے کہ حضرت بلھے شاہ کی پیدائش اچ گیلانیاں میں ہوئی تھی جب کہ چند محققین کا اصرار ہے کہ وہ پانڈو کے میں پیدا ہوئے تھے۔ یہ بات زیادہ قرین قیاس معلوم ہوتی ہے، کیوں کہ حضرت بلھے شاہ کے مرشد حضرت شاہ عنایت نے ایک کتاب نافعُ السّالکین مرتب کی تھی جس میں بلھے شاہ کے بارے میں ایک حاشیہ ملتا ہے جس کے مطابق وہ اچ گیلانیاں میں پیدا ہوئے تھے۔ حضرت عنایت شاہ سے حضرت بلھے شاہ کا تعلق بہت قریبی تھا اس لیے اس بات کو قبول کرنے میں کوئی تعرض نہیں ہونا چاہیے۔

اسی قسم کا ابہام حضرت بلھے شاہ کے سنِ پیدائش میں‌ بھی ہے۔ خزینۃُ الاصفیا اس پر خاموش ہے لیکن اس کتاب میں‌ ان کا سنہ وفات 1750ء بتایا ہے جب کہ ایک انگریز سی ایف آسبورن نے بلھے شاہ کی زندگی اور شاعری پر اپنے مقالے میں سنِ پیدائش 1680ء اور وفات کا سال 1753ء لکھا ہے۔ روایات کے مطابق وہ 22 اگست کو اس دارِ فانی سے ہمیشہ کے لیے چلے گئے تھے۔

مشہور ہے کہ حضرت بلھے شاہ سخی درویش کے ہاں پیدا ہوئے جن کا نام عبداللہ رکھا گیا۔ ان کے والد اچ شریف چھوڑ کر ملک وال ضلع ساہیوال چلے گئے تھے جہاں بلھے شاہ نے جنم لیا۔ لیکن چند مہینوں بعد وہ پنڈ پانڈو، ضلع لاہور چلے گئے جہاں ایک مسجد میں‌ امامت پر مامور ہوئے اور مدرسہ پڑھانے لگے۔ بلھے شاہ کا بچپن اسی گاؤں میں مویشی چراتے گزرا۔ اسی جگہ ان سے پہلی کرامت بھی صادر ہوئی جس کا ذکر روایات میں مختلف طرح‌ سے کیا گیا ہے۔ کہتے ہیں کہ عبداللہ نامی اس نوعمر پر یہ الزام لگا کہ اس نے اپنے مویشیوں کو چراتے ہوئے، ان کی نگرانی میں‌ کوتاہی کی اور انھوں نے گاؤں کے زمین دار کی فصل اجاڑ دی۔ اس پر بلھے شاہ نے اجڑی ہوئی فصل کو پھر سے ہرا بھرا کر دیا۔ یہ ان سے منسوب ایک افسانوی داستان ہے یا اسے گھڑا گیا ہے، اس بارے میں‌ کچھ نہیں‌ کہا جاسکتا۔ لیکن بلھے شاہ نے قصور کے مشہور معلّم حافظ غلام مرتضیٰ کے مدرسے سے قرآن، حدیث و فقہ اور منطق کا علم حاصل کیا۔ اور انہی علوم کی تدریس بھی کی۔

ان کی مجذوبیت نے جب کوتوال کی گرفت میں آکر انھیں شیخ فاضل الدین کے پاس پہنچایا تو یہاں سے بلھے شاہ کو علم اور معرفت کے اس راستے کا پتا ملا جس نے ان کی زندگی کو یکسر بدل ڈالا۔ شیخ فاضل الدّین نے انھیں شاہ عنایت کے دربار میں‌ جانے کو کہا، اور پھر شاہ عنایت سے ان کی عقیدت اور تعلق اٹوٹ ثابت ہوئی۔

بلھے شاہ نے اہلِ طریقت کے ساتھ رہ کر معرفت کے مراحل طے کیے اور اس عرصہ میں‌ انھوں‌ نے اس وقت کے بادشاہ اورنگزیب کی مذہب پرستی کو دیکھا، قصور کے حاکم حسین خان خویشگی اور اس کے مذہبی منصب دار شہباز خان کی چیرہ دستیاں کو جھیلا۔ انھوں نے شہر آشوب دیکھا، اپنے افکار اور شاعری میں‌ مجذوبانہ اپنی فکر کے اظہار پر سختیاں پڑنے پر ایک علاقے سے دوسرے علاقے اور شہر در شہر گھومتے ہوئے زندگی گزاری۔ وہ کہتے ہیں:

الٹے ہور زمانے آئے، تاں میں بھید سجن دے پائے
کاں لگڑنوں مارن لگے، چڑیاں جرے ڈھائے
پیو پتراں اتفاق نہ کائی، دھیاں نال نہ مائے

(ترجمہ و مفہوم: یہ عجیب زمانہ ہے اور اسی سے ہم نے زندگی کا بھید پایا ہے۔ زمانے ایسے بدلے کہ کوّے الٹا شکاری پرندوں کو مار رہے ہیں اور چڑیوں نے شہبازوں کو زیر کر لیا ہے۔ باپ بیٹے میں اتفاق نہیں ہے اور مائیں بیٹیوں کا ساتھ چھوڑ گئی ہیں۔)

یہ مشہورِ زمانہ کلام تو آپ نے بھی سنا ہو گا

تیرے عشق نچایا کر کے تھیا تھیا
تیرے عشق نے ڈیرا میرے اندر کیتا
بھر کے زہر پیالہ، میں تاں آپے پیتا

بلھے شاہ نے کس عمر میں شاعری کا آغاز کیا اور ان کا روحانی سفر کس طرح شروع ہوا، اس بارے میں‌ بھی مستند حقائق اور مصدقہ معلومات دست یاب نہیں ہیں۔ اسی طرح انھوں نے اپنی شاعری میں بھی اپنے بارے میں کوئی اشارہ نہیں‌ دیا ہے اور اپنی زندگی کے کسی واقعے کو بیان نہیں‌ کیا ہے۔ یوں پنجاب کی سرزمین میں مذہبی رجعت پسندی اور منافقت سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے اپنی شاعری میں روحانیت اور وجدان پر زور دینے والے بابا بلھے شاہ کی اصل سوانح کبھی سامنے نہیں آسکی اور چند حقائق اور ان کی بنیاد پر قیاس ہی کیا جاسکتا ہے۔ تاہم انھیں اپنے دور کی باکرامت روحانی شخصیت، ایک حکیم شاعر مانا جاتا ہے اور ان کی شاعری کی بھی اسی نقطۂ نظر سے وضاحت کی جاتی ہے۔

سید محمد عبداللہ المعروف بابا بلھے شاہ کا مزار قصور میں واقع ہے۔

Comments

- Advertisement -