اشتہار

بمپر پیکج: امریکا میں 1.7 ٹریلین ڈالر کا بڑا اخراجاتی بِل منظور

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے ملک کو شٹ ڈاؤن سے بچانے کے لیے تقریباً 1.7 ٹریلین ڈالر کے اخراجات کا بِل منظور کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیموکریٹک کنٹرول والے امریکی ایوان نمائندگان نے جمعہ کو 1.66 ٹریلین ڈالر کا حکومتی فنڈنگ بل منظور کیا ہے، جس میں ریکارڈ فوجی فنڈ سمیت پاکستان میں صنفی مساوات کے لیے ریکارڈ 200 ملین ڈالر اور یوکرین کے لیے ہنگامی امداد بھی شامل ہے۔

سینیٹ کے بعد ایوان نمائندگان نے بھی اخراجات کے بل کی منظوری دے دی، ڈیموکریٹس نے ایوان میں نئی حلف برداری سے قبل بل منظور کرانے میں کامیابی حاصل کی، بی بی سی کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے اس بل کے ذریعے وفاقی اداروں کو شٹ ڈاؤن سے بچا لیا ہے۔

- Advertisement -

ایوان نمائندگان نے 201 کے مقابلے میں 225 ووٹوں سے بل کو منظور کیا، ری پبلکنز کی جانب سے اخراجات کے بل پر کڑی تنقید کی گئی، اور انھوں نے اسے سب سے شرمناک بل قرار دے دیا ہے، واضح رہے کہ حالیہ الیکشن میں کامیابی کے باعث آئندہ برس ایوان کا کنٹرول ری پبلکنز کے پاس ہوگا۔

پاکستان میں صنفی مساوات کے فروغ کے لیے امریکی امداد میں 20 گُنا اضافہ

یہ پیکج امریکی حکومت کو اگلے مالی سال یعنی 30 ستمبر تک فنڈ فراہم کرے گا، یہ بِل جمعرات کو کراس پارٹی ووٹ میں 68 کے مقابلے میں 29 سے سینیٹ میں منظور کیا گیا تھا۔

یوکرین امداد

بل کے تحت روس کے خلاف دفاع کے لیے یوکرین کو 45 ارب ڈالر کی امداد دی جائے گی۔ اس میں امریکا میں گھریلو پروگراموں کے لیے 772 ارب ڈالر اور دفاع کے لیے 858 ارب ڈالر شامل ہیں، قدرتی آفات سے بحال ہونے والے علاقوں کے لیے تقریباً 38 بلین ڈالر رکھے گئے ہیں۔

صحت

کم آمدنی والے امریکیوں کے لیے ریٹائرمنٹ پروگرام اور صحت کی دیکھ بھال میں تبدیلیاں بھی بل کے تحت قانون سازی میں شامل کی گئی ہیں، کرونا وبا کے دوران کم آمدنی والے امریکیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ان کی اہلیت کے شرائط میں نرمی کی گئی تھی، اس شق کو اب ختم کیا جا رہا ہے، جس سے لاکھوں امریکی صحت کی کوریج کھو دیں گے۔

ووٹوں کی گنتی

اس اخراجاتی بل میں الیکٹورل کاؤنٹ کے قانون میں اصلاحات بھی شامل کی گئی ہیں، جو 6 جنوری کے کیپیٹل فسادات کے تناظر میں کی گئی ہیں، جس سے الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی گنتی اور تصدیق میں امریکی نائب صدر کا کردار واضح ہوگا۔ یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غلط طور پر یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے نائب صدر کے پاس 2020 کے انتخابات میں ہونے والی شکست کو ختم کرنے کی طاقت ہے۔

ٹک ٹاک پر پابندی

قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر، اخراجات بل میں سرکاری ملکیت والے فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات پر ٹک ٹاک ایپ کے ڈاؤن لوڈ کرنے پر پابندی لگانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جو چین میں مقیم پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کی ملکیت ہے۔

فوجی تنخواہ

فوجیوں کی تنخواہ میں 4.6 فی صد اضافہ کر دیا گیا ہے، کیپیٹل پولیس سپورٹ کے تحت کانگریشنل پولیس سروس کو 132 ملین کا اضافہ ملے گا، جس سے اس کا کل بجٹ 734.5 ملین ہو جائے گا۔

امریکی قانون سازوں کو بھی حالیہ برسوں میں بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے، اس لیے سینیٹرز کی رہائش گاہوں پر سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے 2.5 ملین ڈالر کی منظوری دی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں