بھارتی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت خطرے میں پڑ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر جسپریت بمراہ فٹنس مسائل کی زد میں آگئے، دورہ آسٹریلیا کے دوران وہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے جس کی وجہ سے وہ سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ بھی نہیں کرسکے۔
بی سی سی آئی انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں بمراہ کو آرام دینے پر غور کررہی ہے تاکہ فروری، مارچ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں ان کی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق بمراہ کی انجری ابھی تک واضح نہیں ہے اور ان کی شرکت کا فیصلہ فٹنس سے مشروط ہوگا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پانچ ٹیسٹ میچز میں بمراہ نے 151.2 اوورز کروائے جس میں 13.06 کی شاندار اوسط سے 32 وکٹیں حاصل کیں جن میں تین مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر بمراہ کو گریڈ ایک کی انجری ہے تو انہیں واپسی سے پہلے دو سے تین ہفتوں کی ضرورت ہوگی لیکن گریڈ 2 کی چوٹ کی صورت میں ان کی واپسی چھ ہفتوں تک بڑھ سکتی ہے جبکہ گرین تھری کی انجری انہیں تین ماہ کے لیے کرکٹ سے دور کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کا اگلا چیلنج انگلینڈ سے 22 جنوری کو شروع ہونے والی 5 پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز ہے جس میں بمراہ کو آرام دیا جاسکتا ہے۔