کراچی: محکمہ جنگلات نے بندل اور بڈو جزیرے صوبہ سندھ کی ملکیت قرار دے دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سمندری جزیروں کی ملکیت کے معاملے پر سمری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کردی گئی، دونوں جزیروں کے حوالے سے محکمہ جنگلات نے وزیراعلیٰ سندھ کو سمری بھیج دی۔
محکمہ جنگلات نے بندل اور بڈو جزیرے صوبہ سندھ کی ملکیت قرار دیے جس کی سمری کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
سمری کے متن کے مطابق جزائر بندل کی اراضی تین ہزار اور بڈو جزیرے کی اراضی 8 ہزار ایکڑ ہے، دونوں جزائر محکمہ جنگلات کی ملکیت ہیں۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ جزیروں کے علاقے 1958 ایکٹ کے تحت پرو ٹیکٹو فاریسٹ قرار دیے گئے، جزائر محکمہ جنگلات کی ملکیت یہں، ان پر پورٹ اینڈ شپنگ یا وفاق کا حق نہیں ہے۔
سمری کے متن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے جزیروں پر نیو سٹی قائم کرنے کے لیے وفاق نے آرڈیننس جاری کیا تھا، وفاق نے بڈو اور بندل جزیروں کو تجارتی مقاصد کے لیے تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ اس اعلان پر ماحولیاتی برادری نے احتجاج کیا اور سول سوسائٹی عدالت گئی، عدالت نے بھی دونوں جزیروں کو محفوظ جنگلات کا درجہ دیا ہے۔