کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیر سے سرد ہواؤں کانیا سلسلہ داخل ہوگا اور 6جنوری کی رات اور 7جنوری کی صبح ہلکی بارش کاامکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کیا ہے کہ پیر سے شہر میں سرد ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا ، جو 6سے 9 جنوری تک برقرار رہے گا جبکہ شہر میں 6جنوری کی رات اور 7جنوری کی صبح ہلکی بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹےکے دوران موسم خشک اوررات سرد رہنےکاامکان ہے ، آج کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ملک بھرمیں سردموسم شدید سےشدید ترہو گیا،شمالی علاقہ جات میں سخت سردی کی لہر برقرار ہے، ہر سو برف ہی برف،سفید چادراوڑھے درختوں کا حسن مزید نکھرگیا ہے۔
اسکردو میں پارہ نقطہ انجماد سےنو ڈگری نیچے گر گیا جبکہ مالم جبہ میں پارہ منفی ، استور میں منفی چار اور ہنزی میں درجہ حرارت منفی تین ڈگری ریکارڈ کیا گیا، بلوچستان میں جاڑے کی دھوم ہے اور کوئٹہ میں سردہواؤں کا گشت جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سردرہنےکی پیشگوئی کی ہے، بالائی خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں،شمال مغربی بلوچستان،کشمیراورگلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود اور چند مقامات بارش اور برفباری بھی متوقع ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سند ھ کے چند میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔