بونیر: خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر، پیر بابا میں 11 ہزار وولٹ بجلی کی مین لائن گھروں کو جانے والی تار پر گرنے کے باعث گھروں میں لگے بجلی میٹرز میں آگ لگ گئی، جس سے ایک خاتون جاں بحق، اور 4 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بونیر کے علاقے پیر بابا میں ہائی وولٹیج مین لائن گرنے سے 30 گھروں میں بجلی کے تاروں اور میٹروں میں آگ لگ گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کرنٹ گھروں میں پھیلنے سے ایک خاتون جاں بحق، 3 خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوا۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں، اور زخمیوں کو علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال پیر بابا منتقل کیا گیا۔
مقامی ناظم اور دیہاتیوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے بجلی فوری منقطع نہ ہو سکی، جس کے باعث کرنٹ گھروں میں پھیل گیا تھا، تاہم ایک باریش شہری کا کہنا تھا کہ میٹرز میں آگ لگتے ہی انھوں نے پی ایم ٹی کی طرف دوڑ لگائی اور ایک ڈنڈے کی مدد سے ٹوٹی تاروں کو نیچے گرا دیا، جس کی وجہ سے نقصان مزید پھیلنے سے رک گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ناصر علی نے متاثرہ گھروں کا دورہ کیا اور حکومت کی جانب سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ حضرت پیر بابا کے قبرستان میں موضع افسر آباد کے لیے نصب 200 کے وی ٹرانسفارمر کا یونٹ ٹوٹنے کی وجہ سے مین لائن کی تاریں گھروں کو جانے والی ایل ٹی لائن پر گر گئی تھی۔ کرنٹ کی وجہ سے متعدد گھروں میں فریج، اسٹیبلائزر، واشنگ مشینیں اور پنکھے جیسے دیگر ہوم اپلائنسز جل گئے۔