پشاور: خیبرپختونخواہ کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے بونیر میں بے اولاد جوڑے کے ہاں بیک وقت 5 جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بونیر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو ) اسپتال کے گائنی وارڈ میں خاتون کے ہاں پانچ بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ماں اور پانچوں بچے صحت مند ہیں اور اُن کی حالت خطرے سے باہر ہیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ پیدا ہونے والے بچوں میں چار لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔
اہل خانہ کے مطابق خاتون کے ہاں شادی کے 8 سال بعد بچوں کی ولادت ہوئی ہے جس پر سارا خاندان بہت زیادہ خوش ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں خاتون کے ہاں بیک وقت تین بچوں کی پیدائش
واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں پنجاب کے ضلع جہلم کے علاقے محمدی چوک میں واقع نجی اسپتال میں خاتون نے چار جڑواں بچوں کو جنم دیا تھا۔
ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر ہوئی، زچہ اور بچوں کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا گیا تھا۔ مذکورہ خاتون کے ہاں شادی کے چار سال بعد اولاد کی پیدائش ہوئی تھی۔ جڑواں بچوں میں2لڑکیاں اور2 لڑکے شامل ہیں۔