اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے یہ نہیں کہا کہ اگر بھارت دوبارہ حملہ کرتا ہے تو پاکستان جواب نہ دے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک رابطے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے رابطہ کیا تو میں نے کہا کہ ہم نے جو کچھ کیا جواب میں کیا، مارکو روبیو نے کہا کہ یہ سب کچھ دنیا افورڈ نہیں کر سکتی، میں نے کہا کہ بال بھارت کی کورٹ میں ہے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
’میں نے کہا کہ ہم نے جواب دینا تھا دے دیا ہے، اگر بھارت اسٹاپ کرتا ہے تو ہم بھی کر دیں گے، اگر بھارت نے دوبارہ ردعمل دیا تو پھر ہم بھی جوابی کارروائی کریں گے۔‘
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف ممالک نے ہم سے رابطہ کیا ہے، اللہ نے پاکستان کو فتح عطا کی ہے، بھارت کو جواب دے دیا ہے، بھارت نے دوبارہ کچھ کیا تو جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم نے بہت صبر کیا ہے، میں نے اپنا مؤقف مارکو روبیو کو کلیئر بتا دیا ہے، ہم نے اپنی معیشت کو ڈیفالٹ سے نکالا ہے معیشت ترقی کر رہی ہے، ہماری ترجیح قوم اور معیشت ہے جنگ ہماری ترجیح نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو پتا ہے پاکستان جوہری قوت ہے، پلوامہ اور پہلگام واقعہ بھارت نے خود کیا ہے، پاکستان ایئر فورس، آرمی اور نیوی الرٹ ہیں، بھارت نے بے پناہ غلط بیانی کی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی بات کی، مارکو روبیو کی آخری بات مجھ سے ہوئی۔