کراچی : سوتیلے باپ نے بیٹے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر گلا کاٹنے کے بعد اس کی لاش گھر میں دفنا دی، ملزم اپنی 3 بیٹیوں سمیت فرار ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے ایک گھر سے نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی مدفون لاش برآمد ہوئی ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ احسن آباد سے مغوی نوجوان کی ملنے والی مدفون لاش کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے اور گلا کٹا ہوا تھا، مقتول پیشے سے نائی تھا جو 3 ماہ قبل ہی اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔
سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق ملزم توقیر مقتول کا سوتیلا باپ تھا واردات کے بعد اپنی 3بیٹیوں کو بھی ہمراہ لے کر گھر سے فرار ہوگیا۔
مقتول کی والدہ نے توقیر نامی شخص سے کئی سال قبل دوسری شادی کی تھی، مقتول اپنی ماں سے ملنے3 ماہ قبل اسلام آباد سے کراچی آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا اکثر اپنے سوتیلے باپ سے جھگڑا رہتا تھا، ماں بنگلے میں ماسی کا کام کرتی ہے، مقتول کی ماں2دن بعد جب واپس آئی تو گھر میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔
گھر کے ایک کمرے میں کھدائی کے نشانات دیکھ کر تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ وہاں اس کے بیٹے کی لاش دفن تھی۔