بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

بس کنڈیکٹر کا طالب علم کو جان لیوا دھکا، طلبہ کا جی ٹی روڈ پر دھرنا

اشتہار

حیرت انگیز

اکاڑہ/ منڈی بہاؤالدین: پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں ایک بس کنڈیکٹر نے طالب علم کو دھکا دے کر بس سے گرا دیا جس کے نتیجے میں طالب علم جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں بائی پاس کے قریب دیپالپور روڈ پر ایک طالب علم بس سے گر کر جاں بحق ہو گیا، طلبہ نے کہا ہے کہ بس کنڈیکٹر نے اسامہ کو دھکا دے کر گرایا۔

ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ جاں بحق طالب علم کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ بائی پاس پر سکینڈ ائیر کا طالب علم اسامہ اقبال اور دیگر طلبہ بس پر سوار ہو رہے تھے کہ اس دوران بس کنڈیکٹر نے اسامہ اقبال کو دھکا دے دیا، ڈرائیور نے بس دوڑانے کی کوشش کی اور اسامہ ٹائر کے نیچے آکر موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔

واقعے کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈیکٹرموقع سے فرار ہو چکے ہیں، طلبہ نے اسامہ کی لاش احتجاجاً جی ٹی روڈ پر رکھ کر دھرنا دے دیا ہے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک بس عملے کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاتی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اوکاڑہ کی مقامی پولیس کی نفری جی ٹی روڈ پہنچ گئی ہے، جہاں مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔

طلبہ گروہوں میں فائرنگ

دوسرے واقعے میں پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے دو طلبہ گروہوں میں جھگڑا ہو گیا، اس دوران ایک دوسرے پر آزادانہ فائرنگ کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ اور جھگڑے میں 4 طلبہ زخمی ہو گئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے 2 طالب علموں ارحم اور سرخیل کی حالت تشویش ناک ہے، اسپتال میں ان کی جانیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں