کراچی: موٹر وے پولیس نے دورانِ ڈرائیونگ مجرمانہ غلفت کا مظاہرہ کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں مسافر بس کا ڈرائیور موبائل فون پر گیم کھیلنے میں مصروف تھا جبکہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی۔
ڈرائیور نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا اور مسافروں کی قیمتی جانیں داؤ پر لگائیں کیونکہ کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔
انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد موٹروے پولیس کے انسپیکٹر جنرل نے ڈرائیور کی سنگین غلفت کا نوٹس لیا اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مطلوبہ بس کو ٹریس کرنے کی ہدایت کی۔
موٹر وے پولیس نے بس کا سراغ لگانے کے بعد ڈرائیور کو گرفتار کیا اور اُس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرائیور کی شناخت بابر خان کے نام سے ہوئی جس کا لائسنس منسوخ کردیا گیا جبکہ اُس کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جارہی ہے۔