ملتان : سعودی حکومت کے حوالے سے ویڈیو بیان پر پنجاب میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف ایک ساتھ تین مقدمات درج کرلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر لیہ، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مقدمات درج کرلئے گئے، جس کے بعد مقدمات کی تعداد 5 ہوگئی۔
مقدمات میں ٹیلی گراف ایکٹ اٹھارہ سو پچاسی،پیکا ایکٹ دوہزار سولہ، مسلمانوں کےجذبات مجروح کرنےکی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
لیہ میں مقدمہ محلہ عید گاہ کےرہائشی اشفاق سہیل کی مدعیت میں درج کیا گیا جبکہ گوجرانوالہ میں تھانہ صدر اور تھانہ قطب پور ملتان میں مقدمہ درج ہوا, مقدمات بشریٰ بی بی کے سعودی حکومت کے حوالےسے بیان پر درج کئے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق بشریٰ بی بی نے مدینہ منورہ کانام استعمال کرکے سیاسی فائدہ لینےکی کوشش کی، افراتفری پھیلانےکیلئے ویڈیو بیان جاری کیا۔
مزید پڑھیں : ویڈیو بیان : بشریٰ بی بی کے خلاف دو مقدمات درج
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نےلوگوں کو ورغلانے کیلئے سوچی سمجھی سازش کےتحت نفرت انگیز بیان دیا، سعودی عرب کے خلاف بیان دےکر عوام کے جذبات کو مجروح کیاگیا۔
ویڈیوبیان میں خارجہ پالیسی اور مفاد عامہ کےخلاف بات کی گئی، ان کا بیان پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی مفادات کےخلاف ہے۔
گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ کے ویڈیو بیان کے بعد ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔
ان کیخلاف ٹیلی گراف ایکٹ1885 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کیخلاف دفعہ126 ٹیلی گراف ایکٹ و دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔
مذکورہ مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے لوگوں کو ورغلانے کے لئے نفرت انگیز بیان دیا اور سوچی سمجھی سازش کے تحت ویڈیو بیان دیا، سعودی عرب کیخلاف بیان دے کرعوام کے جذبات سے کھیلا گیا۔
ڈیرہ غازی خان میں مذکورہ مقدمہ غلام یاسین نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جبکہ دوسرا مقدمہ راجن پور میں حاکم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج یوا تھا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔