اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ خاتون اول بشریٰ بی بی ماں کے برابر ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی فیملی کے خلاف افواہیں پھیلانے والے گھٹیا لوگ ہیں، خاتون اول بشریٰ بی بی ماں کے برابر ہیں۔
فیصل جاوید نے کہا کہ من گھڑت افواہیں پھیلانے والوں کو روکا جائے اور پروپیگنڈا، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ خاتون اول نے کبھی کوئی سیاسی بیان دیا نہ ہی کسی پرتنقید کی، خاتون اول نے ہمیشہ غریبوں کا خیال رکھا، پناگاہوں کا دورہ کیا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس پروپیگنڈا مہم کی کڑیاں کہاں مل رہی ہیں، خاتون اول کے خلاف گھٹیا اور من گھڑت افواہیں پھیلائی گئیں۔
علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ گھٹیا حرکتوں والوں کو تنبیہہ کرتے ہیں کہ باز آجائیں، بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی خبریں چلوائی جاتی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کا کوئی سیاسی اثر و رسوخ نہیں، اس کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی کردار کشی کیا کرتے تھے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ذاتی حملوں پر مشتمل مخصوص مہم پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ذاتی حملوں پر مشتمل مخصوص مہم پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی حملوں پر مشتمل مہم گھٹیا اور نا قابل برداشت ہے، مادرپدر آزادی خطرناک ہے، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔