بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کی آج رہائی کا امکان ختم

اشتہار

حیرت انگیز

توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ہونے کے باوجود آج ہی رہائی کا امکان ختم ہوگیا۔

بشریٰ بی بی کو کیس میں ضمانت اور رہائی کا حکم ملنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے روبکار جاری نہ ہو سکی۔ ضمانت ملنے کے بعد وکیل خالد یوسف ضامن اور مچلکوں سمیت عدالت پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹاف نے بتایا جج شاہ رخ ارجمند، ہمایوں دلاور، رخشندہ شاہین اور راجہ جواد جنازے میں گئے ہیں، سیشن جج ویسٹ کے عملے نے بتایا ایف آئی اے کیس کی روبکار جاری کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

- Advertisement -

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کے مچلکے جمع ہو رہے ہیں اور نہ ہی روبکار جاری کی جا رہی ہے، وکلا عدالت میں ہیں لیکن جج موجود نہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ قانون کی عملداری نہ ہو تو سرمایہ کاری بھی نہیں ہوتی، پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب آئین و قانون کی بالادستی ہوگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ سے دور دور تک تعلق نہیں، ان کی رہائی اب ہر صورت ہو جانی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں 26ویں آئینی ترمیم ہی غیر آئینی ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئینی ترمیم کا مقصد عدلیہ کو مغلوب کرنا ہے، ترمیم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہم آگے بڑھیں گے ملک میں شاندار عوامی تحریک برپا ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں