راولپنڈی : سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی جائے تو آج ہی شامل تفتیش ہونے کو تیارہوں، جس پر عدالت نے ملاقات کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کے 26 نومبر کے بعد درج 31 مقدمات کی سماعت ہوئی ، انسداددہشت گردی عدالت کےجج امجدعلی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ 31مقدمات کے تفتیشی افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اپنے وکیل سلمان صفدر سے مشاورت کرنی ہے ، مشاورت کے بعد اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور وکیل سے آج ملاقات کرا دی جائے تو آج ہی شامل تفتیش ہونے کو تیارہوں۔
بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے کی بھی عدالت سے درخواست کی، جس پر عدالت نے ان کی بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکیل سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔