اسلام آباد: خاتون اول پاکستان بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ خان صاحب کے پاس جادو کی چھڑی نہیں تبدیلی میں وقت لگے گا، عمران خان کے مقابلے کا پاکستان میں کوئی لیڈر نہیں ہے، پاکستان کی تقدیر خان صاحب ہی بدلیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بشریٰ بی بی نے کہا کہ جتنے بھی برے حالات ہوں عمران خان ہی یہ ملک اُٹھائیں گے، عمران خان اور طیب اردوان موجودہ صدی کے لیڈر ہیں، خان صاحب سے سیکھا انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے۔
خاتون اول پاکستان نے کہا کہ خان صاحب کو دنیا کی کسی چیز کا لالچ نہیں ہے، قوم خوش قسمت ہے کہ اسے عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے، عمران خان ملک اور غریب عوام کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، وہ سیاست دان نہیں لیڈر ہیں۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہا کہ ان کا سوشل میڈیا کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتی، مجھ سے ملنے والوں کا مقصد عمران خان سے ملاقات ہوتا ہے، میں نے ابتدائی تعلیم لاہور اور اسلام آباد سے حاصل کی، عبادت انسان کا ذاتی معاملہ ہے، رب نے مہارانی کی طرح رکھا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان نے بہت کچھ سکھایا ہے، خان صاحب اور میری زندگی میں ایک دوسرے کی وجہ سے تبدیلی آئی، میں نے ان کو رب کا عشق انہوں نے مجھے مخلوق کی خدمت سکھائی، اللہ نے ہر انسان کی ہدایت کا وقت مقرر کیا ہے، عمران خان اللہ سے ہمت مانگتے ہیں، عوام کے لیے دعا کرتے ہیں، وہ درود شریف پڑھ کر سوتے ہیں، ان کو درود شریف کی اہمیت بتائی، وہ نماز کے ساتھ شکرانے کے نفل بھی ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کا لائف اسٹائل بہت سادہ ہے، وہ نخرے نہیں کرتے، ان میں کسی چیز کا لالچ نہیں ہے، خان صاحب بغیر استری بھی کپڑے پہن لیتے ہیں، ان کے پاس پینٹ کوٹ کے دو سے تین سوٹ ہیں، وہ گرمیوں میں بھی سردیوں کے کپڑے پہنتے تھے، عمران خان کے پاس گرمیوں کے کپڑے بہت کم تھے، اب میں نے خان صاحب کے کپڑے بنانے شروع کردئیے ہیں۔