لاہور : وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دارالشفقت کے دورے کے بعد داتا دربار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے داتا دربار پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کے لیے دعائیں کیں۔
داتا دربار پر حاضری کے بعد وہ واپس زمان پارک روانہ ہوگئیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے لاہور میں یتیم خانے دارالشفقت کا دورہ کیا خاتون اول یتیم بچوں کیلئے کھانا لے کر گئیں۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی یتیم بچوں کے لئے کھانا لے کر دارالشفقت پہنچ گئیں
بشریٰ بی بی نے یتیم بچوں کیساتھ وقت گزارا، ساتھ ہی دوپہر کا کھانا ان کے ساتھ کھایا اور دارالشفقت میں اسٹاف اور بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں جبکہ بچوں اور عملے نے ان کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں۔
خاتون اول نےدارالشفقت کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ان کی سہیلی فرح خان بھی ہمراہ تھی۔
خیال رہے کہ عمران خان کا بطور وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا بطور خاتون اول لاہور کا پہلا دورہ ہیں۔
یاد رہے خاتون اول پاکستان بشریٰ بی بی نے عوام کے نام اپنے پہلے پیغام میں کہا تھا کہ اللہ نےہم پربہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، عوام نے ہمیں منتخب کیا انشااللہ اللہ نے چاہا تو عمران خان توقعات پر پورا اتریں گے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد ملک سےغربت کاخاتمہ ہے، وہ غربت کا خاتمہ، صحت وتعلیمی نظام کی بہتری چاہتے ہیں، کرسی آنی جانی چیز ہے، آج خوش نہیں ڈری ہوئی ہوں۔