اسلام آباد : ایڈیشنل سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تین عبوری درخواست ضمانتیں مسترد کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر اقبال کاکٹر اور وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے، عمران خان کی اہلیہ کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے استثنی کی درخواست دائر کی۔
پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ نے عدالت کے روبرو کہا انھوں نے اپنے ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے، جس پر جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کرائے۔
وکیل خالد یوسف چوہدری کا کہنا تھا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ہے، بشری بی بی نے اڈیالہ جیل جانا ہے، عدالت کے حکم پر آپ عمل درآمد ہی نہیں کر رہے، آپ کی تین عبوری درخواست ضمانتیں خارج کی جاتی ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد سیشن عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کی 3 عبوری درخواست ضمانتیں مسترد کر دیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں ڈی چوک احتجاج کے کیس میں بانی کی اہلیہ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیا نے کی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بانی کی اہلیہ کے خلاف آج 190 ملین پاؤنڈ کیس کافیصلہ آنا ہے انکی حاضری جیل میں ہونی ہے، احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانےکاحکم دے رکھا ہے۔
جس پر عدالت نے بانی کی اہلیہ کی عبوری درخواست ضمانت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع کردی گئی۔