بھارت میں معروف بزنس مین اور اس کی بیوی کی شادی کی سلور جوبلی کی تقریب ماتم کدے میں بدل گئی، شوہر رقص کرتے ہوئے چل بسا۔
ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں مذکورہ واقعی پیش آیا جہاں کاروباری شخصیت نے اپنی اور اہلیہ کی شادی کے 25 سال ہونے کی خوشی میں اسے دھوم دھام سے منانے کا فیصلہ کیا، جوڑے نے شادی ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں اپنے رشتے داروں اور دوست احباب کو بھی مدعو کیا تھا۔
وسیم ثروت کی عمر 50 سال تھی، اہلیہ فرح اور ان کے 2 بیٹے بھی ہیں جنہوں نے مہمانوں کے ساتھ مل کر شادی کا کیک کاٹنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی۔
تقریب کے دوران وسیم اور فرح اسٹیج پرمحو رقص تھےکہ اچانک وسیم کے سینے میں تکلیف ہوئی اور وہ زمین پر گر پڑا وہاں موجود لوگوں نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا، ڈاکٹر کی جانب سے اسپتال میں بتایا گیا کہ وسیم کی موت واقع ہوچکی ہے جبکہ ڈاکٹر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ دل کے دورہ ان کی موت کی وجہ بنا۔
اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وسیم ثروت کو اچانک زمین پر گرنے سے پہلے رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔