لاہور / فیصل آباد ملتان : لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور حادثات کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر تاندلیانوالا کے گاؤں دھوپ سڑیاں میں طوفانی بارش سے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
دوسرے واقعے میں فیصل آباد کے علاقے کنگاں میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے میں دب کر3بہن بھائی جاں بحق اور دیگر4افراد زخمی ہوگئے، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ ملتان کے علاقے قصوری چوک کے قریب مکان کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، وہاڑی کے تحصیل بازارمیں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے2افراد جاں سے چلے گئے۔
کوٹ رادھا کشن کے گاؤں حھینہ اوتاڑ میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، اس کے علاوہ
قبولہ کے علاقے جمن شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے۔ ،
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تاندلیانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے اموات پر اپنے اظہار دکھ اور افسوس ک ااظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرنے والوں کے کیلیے دعائے مغفرت کی،
وزیر اعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعات سے متعلق کمشنر تاندلیانوالہ اور فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ افسران امدادی سرگرمیوں کی خصوصی نگرانی اور زخمیوں کی دیکھ بھال کریں۔