کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر غیر ملکی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پابندی کے باوجود کیٹگری سی ممالک سے بغیر اجازت مسافروں کی پاکستان آمد کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر غیر ملکی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کی اور ایک پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا۔
مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیرفلائی دبئی کی پرواز سے نو ایرانی مسافروں کو دبئی سے سیالکوٹ لایا گیا، اس حوالے سے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
جس میں کہا ہے کہ کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمداین سی او سی کی اجازت سے مشروط ہے، فلائی دبئی کی جانب سے یہ ایس او پی کی دوسری خلاف ورزی ہے، مراسلہ
ترجمان سی اے اے سعد بن ایوب کا کہنا تھا کہ گیارہ جون کو دبئی سے سیالکوٹ کی فلائی دبئی کی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے ، ایئر لائن نے سی اے اے کی ہدایات نظر انداز کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب قرار پائی۔