کراچی: برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر کے باعث پاکستان نےآنے والے مسافروں پر عارضی سفری پابندیوں کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے پابندی کی مدت میں توسیع کر دی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مسافروں پر 29 دسمبر تک عارضی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی مدت میں اب 4 جنوری 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ 4 جنوری کے بعد صورت حال کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 21 دسمبر کو کرونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر عارضی پابندیاں عائد کی تھیں۔
برطانیہ سے آنے والوں پر پابندی کرونا کی نئی قسم کی وجہ سے لگائی گئی ہے، پاکستانی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والے شہریوں کے لیے وطن واپسی پر شرائط لاگو ہوں گی۔
برطانیہ میں کرونا کی نئی قسم، پاکستان نے پابندی عائد کردی
پاکستان واپس آنے والوں کے لیے فلائٹ سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر نیگیٹو ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ برطانیہ سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک ہفتے کا قرنطینہ بھی لازمی ہوگا۔
این سی او سی کی جانب سے سول ایوی ایشن کو پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کی گئی تھی اور تاکید کی گئی تھی کہ ایک ہفتے کے دوران برطانیہ سے آنے والے تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ کرایا جائے۔