کراچی: سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک فضائی سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں پر نئی شرائط عائد کی گئیں ہیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اندرون ملک فضائی سفر کے لئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
سی اے اے کے شعبہ ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 18سال سے زائدعمر کے مسافر کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوانا لازمی ہے، بغیر ویکسی نیشن سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
سی اے اے کے مطابق پابندی کا اطلاق یکم اگست سے اندرون ملک جانے والی تمام پروازوں پر ہوگا،بیرون ملک سفر کرنے والے پابندی سےمستثنیٰ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک لاؤجز میں خصوصی کاؤنٹر نصب کیے جائیں گے، جو مسافروں کے ٹکٹ کے ساتھ اُن کے ویکسین سرٹیفیکٹ بھی چیک کریں گے اور پھر انہیں آگے جانے کی اجازت ہوگی۔ مسافروں کو ماسک پہننا اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔