کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے مسافر کا قیمتی گمشدہ سامان اس تک پہنچا دیا، دس لاکھ روپے مالیت کا سامان واپس ملنے پر مسافر نے عملے کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گمشدہ سامان مسافر کے حوالے کردیا۔
سی اے اے نے اپنی پیشہ ورانہ کاوشوں سے 10 لاکھ روپے مالیت کا گمشدہ سامان حقیقی مالک تک پہنچا دیا۔ امریکہ سے غیرملکی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 800 کے ذریعے ملتان پہچنے والے اعظم سلیم کا دستی بیگ گم ہوگیا تھا۔
مسافر نے سی اے اے کے ڈی ٹی ایم سے سامان گم ہونے کی شکایت درج کرائی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈیوٹی ٹرمینل مینجر نے عملے کے ہمراہ مسافر کے گمشدہ سامان کی تلاش شروع کردی۔
سیکیورٹی چیک ہونے کے بعد ڈیوٹی ٹرمینل مینجر عثمان خان کو مسافر کا بیگ کنوینئر بیلٹ کے پاس سے ملا، ائیر پورٹ مینجر مبارک شاہ نے دس لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سامان شناخت کرانے کے بعد مسافر کے حوالے کردیا۔
مسافر کے دستی بیگ میں آئی فونز، لیپ ٹاپ، قیمتی گھڑیاں و دیگر چیزیں شامل تھیں، مسافر نے ائیرپورٹ مینجر مبارک شاہ اور سی اے اے عملے کا شکریہ ادا کیا اور سی اے اے کی کاوشوں کو سراہا۔