کراچی: حکومت پاکستان نے برطانیہ اور جنوبی افریقا پر سفری پابندیوں میں نرمی کر دی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل سمیت اب دوہری شہریت والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر میں برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے سفری پابندیوں کے معاملے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے جس میں پابندیوں میں 31 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے، برطانیہ اور ساؤتھ افریقا سے پاکستان آنے والے مسافروں پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ ک جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا میں مقیم قلیل مدتی ویزے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت ہوگی، دوہری شہریت کے حامل مسافروں، نائیکوپ، پی او سی کارڈ ہولڈرز والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔
پورے جہاز میں صرف ایک مسافر پاکستان پہنچا، 370 سیٹیں خالی، ویڈیو وائرل
ورک ویزے والے بھی پاکستان کا سفر کر سکیں گے، برطانیہ اور جنوبی افریقا کے سفارت کاروں اور ان کی فیملیز کو پاکستان سفر کی خصوصی اجازت ہوگی، سفارت کاروں کو بھی سفر سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، پاکستان پہنچنے پر سفارت کاروں اور فیملیز کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے، سفارت کاروں کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق قرنطینہ کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق برطانیہ سے آنے والے تمام مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ لازم ہوگا، پاکستان پہنچنے والے مسافروں کے فوری کرونا ٹیسٹ کیے جائیں گے، رپورٹ منفی آنے کی صورت میں مسافروں کو 5 دن قرنطینہ کرنا ہوگا۔