لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر تعینات اہلکار نے مسافر کو لاکھوں روپے رقم واپس کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر جدہ سے آنے والے پرواز میں سوار مسافر کی رقم کنویر بیلٹ کے پاس اُس وقت گری جب وہ اپنا دیگر سامان جمع کررہا تھا۔
لاہور ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن کے اہلکار نے بیلٹ کے پاس پڑی رقم اپنی پاس رکھی اور دورے پھر یہ 20 ہزار ریال اپنے سپروائزر کے حوالے کیے۔
سی اے اے کے اہلکاروں نے مسافر کو تلاش کر کے اُس کو بیس ہزار ریال واپس لوٹائے جس پر وہ خوش ہوا۔
سول ایوی ایشن کے اہلکار نے بتایا کہ مسافر سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 738 کے ذریعے جدہ سے لاہور پہنچا تو لاؤنچ میں اُس کی رقم گر گئی تھی۔
ڈیوٹی افسر نے محکمہ ایمی گریشن سے مسافر کے پاسپورٹ کی تفصیلات لے کر اُسے تلاش کی اور رابطہ کر کے اُسے ایئرپورٹ بلایا۔
سول ایوی ایشن کے عملے نے ضروری کارروائی کے بعد رقم کو مسافر کے حوالے کیا۔ جدہ سے لاہور پہنچنے والے مسافر نے 8 لاکھ 80 ہزار روپے رقم کی واپسی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی عملے کی ایمانداری کی تعریف کی۔