کراچی : سول ایوی ایشن نے پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنز کے لیے مسافروں کو بٹھانے سے قبل طیاروں میں اسپرے، فضائی میزبان اور مسافروں کیلئے سرجیکل ماسک لازمی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی، پی آئی اے سمیت تمام ائیر لائنز کیلئے اکیس نکات پر مبنی ایڈوائرزری جاری کی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہدایات میں کہا ہے کہ تمام ائیر لائنز ان نکات پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں، طیاروں میں مسافروں کو بٹھانے سے قبل اسپرے کے ذریعے ڈس انفیکٹ کیا جائے.
اس کے علاوہ جہاز کو جراثیم سے پاک اور مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیرشن فارم پر کروانا لازمی اور تمام ائیرلائنز کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم موجود ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔
سی اے اے نے ہدایات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ دوران پرواز تمام فضائی میزبان اور مسافر سرجیکل ماسک کا استعمال لازمی کریں گے، مسافروں کی ائیرپورٹس پر پرواز سے قبل طبی جانچ اور اسکریننگ کی جائے گی۔
کوئی بھی مسافر دوران پرواز اپنی نشست تبدیل نہیں کرسکے گا، جہاز میں کیبن کریو ہر آدھے گھنٹے بعد مسافروں کو ہینڈسینیٹائز فراہم کریں گے۔
اس کے علاوہ ڈھائی گھنٹے سے زیادہ دورانیے والی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم کیا جائے گا جبکہ اس سے کم دورانیے والی پروازوں پر کھانے پر پابندی ہوگی، دوران پرواز مسافروں کو پیک شدہ اسنیکس دئیے جائیں گے۔
سی اے اے کے مطابق پرواز سے قبل کیبن کریو نشستوں بیٹھے مسافروں کی تصویر واٹس ایپ کے ذریعے سی اے اے کو بھیجیں گے۔
لینڈنگ سے قبل کپتان کی جانب سے ائیر ٹریفک کنٹرولر کو تمام مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر ہونے کی یقین دہانی کے بعد لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ محکمہ صحت کا عملہ لینڈنگ پر ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم وصول اور مسافروں کی مکمل اسکریننگ کرے گا۔