کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پائلٹس کو خبردار کیا ہے کہ سگریٹ نوشی لائسنس معطل کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے، طیارے میں سگریٹ یا الیکٹرانک سگریٹ کی ممانعت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سگریٹ نوشی کیخلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے پائلٹس کو کو انتباہ جاری کیا ہے کہ سگریٹ نوشی لائسنس معطل کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے اور دوران پرواز کاک پٹ میں سگریٹ نوشی کر نے والے کپتان اور فرسٹ آفیسر کے لائسنس بھی معطل کیئے جاسکتے ہیں۔
سی اے اے کے ڈائیریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ نے اس حوالے سے احکامات جاری کر دئیے ہیں، جس میں کہا ہے کہ پائلٹس کی جانب سے دوران پرواز تمباکو نوشی قوانین کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ، دوران پراوز کپتان کاکپٹ میں سگریٹ تمباکو نوشی کی شکایات ملی ہیں، طیارے میں سگریٹ یا الیکٹرانک سگریٹ کی ممانعت ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جاسکتی ہے، تمباکونوشی کی شکایت کپتان، فرسٹ آفیسرایک دوسرے کے خلاف کر سکتے ہیں جبکہ کیبن کریو اور گراونڈ اسٹاف بھی تمباکو نوشی سے متعلق شکایات درج کراسکتا ہے۔
جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ اگر جہاز کے کپتان نے سگریٹ نوشی کی تو فرسٹ آفیسر اس کی رپورٹ کرے گا اور اگر فرسٹ آفیسر نے سگریٹ نوشی کی تو کپتان رپورٹ کرے گا، تمباکو نوشی کے مرتکب کاک پٹ کریو کو گراونڈ کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی کیا جائے گا۔
ڈائیریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈ کے مطابق پائلٹس کے لائسنس بھی معطل کیئے جاسکتے ہیں جبکہ تمباکو نوشی کی شکایت درج کرانے والے کے خلاف کسی قسم کی انتقامی کاروائی نہیں کی جاسکے گی ، مسافر بھی اگر پائلٹ کو سگریٹ نوشی کرتے دیکھ لے تو اس کی شکایت پر بھی کاروائی ہوگی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دوران پرواز سگریٹ نوشی پر پہلے ہی پابندی عائد کی ہوئی ہے۔