ایئر انڈیا کے مسافر طیارے میں کیبن کریو مسافروں کو چھوڑ کر بزنس کلاس میں جاکر سو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کی دہلی سے شکاگو فلائٹ کا پورا کیبن کریو بزنس کلاس میں سوتا ہوا پایا گیا جس کی وجہ سے مسافر طویل پرواز میں رل گئے۔
واقعہ 18 گھنٹے کی پرواز کے دوران پیش آیا جس نے 12000 کلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا۔
کئی گھنٹوں تک کوئی سروس فراہم نہ کرنے پر مسافروں کو عملے کے ارکان کو خود تلاش کرنے پر مجبور کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے بزنس کلاس سیکشن میں مبینہ طور پر پورا کیبن عملہ سوتا ہوا پایا گیا جبکہ کچھ تو خراٹے بھی لے رہے تھے۔
ایوی ایشن حکام نے تصدیق کی کہ ایئرانڈیا سمیت ایئرلائنز اکثر بزنس کلاس سیٹیں محفوظ رکھتی ہیں تاکہ عملے کے ارکان کو لمبی پروازوں میں آرام کرنے کی اجازت دی جاسکے تاہم عملے کے تمام ارکان کا بیک وقت سونا ان فلائٹ سیفٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ غلطی نجی ملکیت کے حوالے کرنے کے بعد سے وسیع تر بدانتظامی اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی شکایات کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایئر انڈیا ایکسپریس کا پائلٹ سری نگر سے دہلی کی پرواز کے لینڈ کرنے سے فوری بعد اچانک چل بسا تھا۔
پائلٹ کی عمر تیس سال تھی، دہلی ایئرپورٹ پر پہنچنے پر اس کی طبیعت ناساز ہوئی اور اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔