امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں آگ لگنے کے باعث 26 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اورویل شہر میں لگنے والے آگ نے ساڑھے 3 ہزار ایکڑ علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
حکام کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے 1500 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، آگ سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ آگ بجھانے کے دوران 4 فائر فائٹرز معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2018 میں آگ سے متاثر ہونے والے علاقے پیراڈائز کے ایک بار پھر آگ کی زد میں آنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب مشرقی کیریبیئن کے متعدد جزائر میں تباہی پھیلانے کے بعد سمندری طوفان ’بیرل‘ نے کیریبیئن ملک جمیکا کو گھیر لیا ہے۔
اے پی نیوز کے مطابق سمندری طوفان بیرل مشرقی کیریبیئن کے متعدد جزائر میں تباہی پھیلانے کے بعد بدھ کے روز جمیکا کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے، اس سے قبل جزائر پر مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے مذاکرات میں بحالی کے آثار پیدا ہو گئے
طوفان کی شدت کے سبب سمندر میں لہریں 7 فٹ تک بلند ہوئیں، اپنے طوفانی باد و باراں سے ’بیرل‘ نے جمیکا میں زبردست گھن گرج پیدا کی، دارالحکومت کنگسٹن کے زیادہ تر حصوں میں بجلی بند ہو گئی، تیز طوفانی ہواؤں اور موسلادھار بارش کی وجہ سے لوگ اپنی پناہ گاہوں میں محصور رہے۔ حکام کی جانب سے ہدایت تھی کہ طوفان کے گزرنے تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔