واشنگٹن: میکسیکو کے ساتھ سرحد پردیوار تعمیر کرنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے پر 16 ریاستوں کے اتحاد نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف 16 ریاستوں کے اتحاد نے کیلی فورنیا کے شمالی ضلعے کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔
کیلی فورنیا کے اٹارنی جنرل زیویئر کا کہنا تھا وہ امریکی صدر کو عدالت لے کرجائیں گے تاکہ ان کی جانب سے صدارتی اختیارات کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔
اٹارنی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر کو ٹیکس دہندگان کی رقوم پر ڈاکہ ڈالنے سے روکیں گے۔
کانگریس کی جانب سے سرحدی دیوار کے لیے فنڈز کی منظوری دینے سے انکار کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔
ٹرمپ کی ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی، امریکی سیاست دانوں کی تنقید
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک اور ریپبلیکن سیاست دانوں نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے بیان پر ڈونلڈ ٹرمپ تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ٹرمپ کے اقدامات غیر قانونی ہیں‘۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے، تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں۔