لندن: برطانوی الیکشن کنسلٹنسی فرم کیمبرج انالیٹیکا اور اس کی مرکزی ایس سی ایل الیکشنز لمیٹڈ نے فیس بک ڈیٹا لیکس اسکینڈل کے بعد اپنا کاروبار بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر موقف اختیار کیا ہے کہ ہم پر الزام تراشی کی گئی، جس کی وجہ سے ہمارے صارفین اور سپلائرز بھی ہم سے دور ہوگئے ہیں، لہٰذا کاروبار کو جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کیمبرج انالیٹیکا نے کروڑوں صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرکے اسے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کیا تھا۔
اس حوالے سے برطانوی اور یورپی ادارے فیس بک اور کیمبرج انالیٹیکا کے خلاف تحقیقات کررہے ہیں کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی اور برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ہونے والے ریفرنڈم کو ممکن بنانے کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کے ڈیٹا سے نتائج کو متاثر کیا گیا ہے یا نہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک کے مطابق کمپنی پر 8 کروڑ 70 لاکھ افراد کے ڈیٹا کو غلط استعمال کرنے کا الزام ہے اور فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی تحقیق بھی جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ڈیٹا چوری اسکینڈل پر کانگریس میں پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں اور انہوں نے پرائیویسی سے متعلق مزید اصلاحات کا اعلان بھی کیا ہے۔