لاہور: لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول امتحانات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، ایچی سن کالج سینئر اسکول میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول آفٹر نون امتحانات کا آغاز دن 2 بجے ہوگا، امتحانات کے دوران کرونا ایس او پیز کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
امتحانی کمرے میں داخلے کے لیے طلبہ پر فیس ماسک کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مرکز میں ہینڈ سینیٹائزر فراہم کیے گئے ہیں، امتحانی کمرہ جات میں داخلے سے قبل طلبہ کے درجہ حرارت کی جانچ بھی کی گئی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج سے متعلق ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے کیمبرج سے کہا کہ غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے باقی پیپرز لیے جانے سے متعلق 13 ماہ کی شرط پر نظر ثانی کی جائے۔
As regards AS students I have asked Cambridge to reconsider the 13 month condition for taking remaining papers considering the extra ordinary situation. I am very hopeful that a positive decision will come soon
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) April 26, 2021
انھوں نے کہا کیمبرج غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھے، اور باقی پیپرز سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے، میں پُر امید ہوں کہ جلد مثبت فیصلہ آئے گا۔
شفقت محمود نے آج سےشروع امتحانات میں شریک طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انھوں نے کہا یہ سخت وقت ہے اور مشکل فیصلے کیے گئے ہیں جو کہ طلبہ کے بہترین مفاد میں ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا برٹش کونسل ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے پُر عزم ہے، ہم ایس او پیز پر عمل درآمد کی کڑی نگرانی کریں گے۔
شفقت محمود نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے امتحانی مراکز کی جعلی تصاویر پھیلا رہے ہیں، اس سے ان کا مقصد ناکام ہو چکا ہے، جعلی تصاویر پھیلانے والے طلبہ کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔