اسلام آباد : سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے پانی کےتنازع پربھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کے خطرے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کے معاملےپردوطرفہ مذاکرات ہونے چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں عالمی اسٹریٹجک خطرات اور ردعمل پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے عالمی کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیوایچ او کے تجارتی مسائل پربات کرنےکی ضرورت ہے، اقوام متحدہ کےکردارپربھی گفتگوکوفوقیت دینےکی ضرورت ہے۔
کیمرون منٹر کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت 3اہم مسائل کاسامناہے ، ماحولیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی کےامور،ملکوں کےاندرونی معاملات اہم مسائل ہیں۔
سابق امریکی سفیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پانی کےتنازع پربھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوسکتی ہے، پانی کے معاملےپردوطرفہ مذاکرات ہونے چاہیئے۔
دوسری جانب سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر وزارت خارجہ پہنچے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور امریکہ اور طالبان امن معاہدے اور اگلے مرحلے میں انٹرا افغان مذاکرات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا منظور کردہ امتیازی شہریت ترمیمی قانون، بھارتی مسلمانوں کے بھاری جانی، مالی اور نفسیاتی نقصانات کا باعث بن رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 سے ہندوستانی حکومت کے اقدامات خطے میں نقص امن کے موجب بن رہے ہیں۔